کراچی: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن غازی آباد میں لیڈی پولیس اہلکار نے اپنے سابقہ شوہر کے ساتھ مل کر شادی کے محض 10 دن بعد اپنے نئے شوہر کو مبینہ طور پر پھانسی دے کر قتل کر دیا۔
مومن آباد تھانے میں مقتول حمزہ کے والد ظہور الدین کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے ملزمہ لیڈی کانسٹیبل "دعا” کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، ملزمہ دعا پیرآباد تھانے میں تعینات ہے اور یہ اس کی دوسری شادی تھی۔
واقعے کے روز مقتول حمزہ کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی، تاہم اس کے دونوں ہاتھ پیچھے بندھے ہونے کے باعث خودکشی کا ڈرامہ بے نقاب ہو گیا۔
مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ دعا نے اپنے سابقہ شوہر فہد کے ساتھ مل کر حمزہ کو قتل کیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ملزم فہد کی تلاش شروع کر دی ہے۔



