کراچی: ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ فریئر کے علاقے میں ڈاکٹر آکاش کمار کے قتل کیس کو کراچی پولیس نے چیلنج کے طور پر لیا، آئی جی سندھ کی ہدایت پر تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور فنی تحقیقات کی مدد سے 36 گھنٹوں کے اندر تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ 13 جولائی کو پیش آنے والی واردات میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان ملوث تھے، جن کا مقصد رقم چھیننا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر آکاش اپنے والد کے ہمراہ بینک سے رقم نکلوا کر باہر آئے تو بینک کے اندر موجود ریکی کرنے والے ملزم نے اپنے ساتھیوں کو اطلاع دی، جس کے بعد ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈاکٹر آکاش کو گولی لگی اور وہ جاں بحق ہوگئے۔
ڈی آئی جی کے مطابق پولیس نے مختلف مقامات سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کیں اور جدید فنی طریقوں سے ملزمان تک رسائی حاصل کی، جبکہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزمان سریش، رام چند اور انیل کے خلاف مختلف تھانوں اور سی ٹی ڈی میں اسلحہ ایکٹ، ڈکیتی، چوری، منشیات، دہشت گردی اور دیگر سنگین جرائم کے 15 سے زائد مقدمات درج ہیں۔



