کراچی (ویب ڈیسک): کراچی میں منکی پاکس (ایم پاکس) کے کیسز بڑھنے لگے ہیں، لانڈھی کے علاقے سے ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد شہر میں رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق لانڈھی محبت نگر کے رہائشی 35 سالہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے، جسے علاج کے لیے سندھ انفیکشس ڈیزیز ہاسپٹل نیپا کے آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ شخص گزشتہ روز نیپا ہسپتال پہنچا تھا، جہاں اس کا پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا، جس میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مریض کی کوئی غیر ملکی سفری تاریخ (ٹریول ہسٹری) سامنے نہیں آئی ہے۔
صحت حکام کے مطابق سندھ انفیکشس ڈیزیز ہاسپٹل نیپا میں اب تک منکی پاکس کے 8 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ کراچی میں رواں سال کے دوران مجموعی طور پر 11 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک دن قبل گلستانِ جوہر کے 40 سالہ شہری میں بھی منکی پاکس کی تصدیق ہوئی تھی، جسے بھی نیپا ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔ محکمہ صحت کے مطابق اس مریض کی بھی کوئی سفری تاریخ نہیں تھی اور پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعے بیماری کی تصدیق کی گئی تھی۔



