کراچی (ویب ڈیسک): کراچی موبیلیٹی پروجیکٹ کے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے میں اربوں روپے کے مالی غبن کا انکشاف ہونے کے بعد اینٹی کرپشن ساؤتھ میں سابق افسران کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ہے۔
کیس میں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر (پی ڈی) ضمیر عباسی اور ڈائریکٹر پروکیورمنٹ جھمن داس کو نامزد کیا گیا ہے۔ ملزمان پر جام صادق پل اور دو ڈپو منصوبوں میں مالی خرد برد کرنے کے الزامات ہیں۔
اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے بدانتظامی اور مالی غبن کی تصدیق کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹھیکیداروں کو غیر محفوظ مالی سہولت فراہم کی گئی اور 8 ارب 50 کروڑ روپے کی مالی امداد بغیر بینک گارنٹی کے جاری کی گئی۔
کیس میں بتایا گیا ہے کہ اس عمل کے باعث قومی خزانے کو لگ بھگ 1 ارب 25 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ انکوائری رپورٹ میں بدعنوانی، جعل سازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق معاملے کی مزید جانچ جاری ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔



