واشنگٹن / تہران (ویب ڈیسک): ایران کی جانب سے ایک مال بردار بحری جہاز کو نشانہ بنانے کے بعد امریکہ نے ایرانی اہداف پر نئے فضائی حملے کیے ہیں، جبکہ ایران نے اعلان کیا ہے کہ امریکی مداخلت کے خاتمے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات خلیجی خطے تک پہنچ گئے ہیں، جہاں میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق قبرص کے پرچم بردار کنٹینر جہاز ایم وی جی ایف ایس گلیکسی کو نشانہ بنایا گیا، تاہم عملہ لائف بوٹس کے ذریعے محفوظ رہا۔
پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف مزید کارروائی کی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے متعدد بندرگاہی علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ ایرانی فوج نے خطے میں امریکی اڈوں پر حملوں کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کر چکے تھے، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ معاہدوں کی پاسداری دونوں فریقوں پر یکساں طور پر لازم ہے۔


