گلستان جوہر بلاک 6 میں کار سوار ڈاکوؤں نے ایک بڑی واردات کے دوران گھر والوں کو یرغمال بنا کر ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور نقدی لوٹ لی۔
پولیس کے مطابق مجموعی طور پر پانچ ڈاکو اس واردات کے لیے پہنچے تھے، جن میں سے تین مسلح ڈاکو بنگلے کے اندر داخل ہوئے جبکہ دو ڈاکو باہر کار میں موجود رہے۔
مبینہ طور پر کار سوار ڈاکو ایک گھنٹے تک علاقے میں گھومتے رہے اور واردات کے بعد بنگلے میں موجود اپنے ساتھیوں کو لے کر باآسانی فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے زیرِ استعمال کار کی نمبر پلیٹ جعلی تھی، اور اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاقت آباد سپر مارکیٹ میں ملزمان 25 لاکھ روپے سے زائد لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ آج صبح دودھ کی دکان پر پیش آیا، اس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ مقدمہ کے متن کے مطابق ملزم نے دکان پر آتے ہی اسلحہ کے زور پر رقم چھینی اس دوران دیگر 6 ملزمان بھی آگئے۔
پولیس حکام کےمطابق علاقے میں نصب دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرکے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے، جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔



