منگھوپیر میں پاکستان رینجرز سندھ نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے قبضے سے دو موبائل فونز اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت حنیف عرف شینا کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے 2012 میں ٹی ٹی پی کمانڈر اسماعیل اور مجاہد کی مدد سے افغانستان کا سفر کیا تھا اور افغانستان کے علاقے پنجوئی میں عبداللہ سرحندی کی زیر نگرانی عسکری تربیت حاصل کی۔ ملزم نے چھوٹے بڑے ہتھیار چلانے اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) بنانے کی تربیت حاصل کی تھی۔
ترجمان کے مطابق دہشت گرد کمانڈر عبداللہ سرحندی نے ملزم کو کراچی میں اہم ذمہ داریاں سونپی تھیں، جن میں تنظیم کا خزانچی بننا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نقل و حرکت کی نگرانی کر کے اس کی اطلاعات دیگر دہشت گردوں کو فراہم کرنا شامل تھا۔ سنہ 2012ء اور 2013ء کے دوران سیکیورٹی اداروں کے آپریشنز میں اس کے متعدد ساتھی مارے گئے تھے، جن کی ہلاکت کے بعد ملزم روپوش ہو گیا تھا۔
حال ہی میں کراچی واپس آنے کے بعد ملزم نے ایک ڈکیت گروہ کا نیٹ ورک منظم کیا اور ساتھیوں کے ہمراہ لاکھوں روپے کی ڈکیتیوں کی وارداتیں کیں۔ گرفتار ملزم نے آخری واردات میں ساٹھ لاکھ روپے لوٹے اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے دو شہریوں کو زخمی بھی کیا تھا۔ ملزم متعدد مقدمات میں پولیس کو بھی مطلوب تھا۔
ترجمان رینجرز کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار ملزم کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


