جامشورو (رپورٹ: باسط ملاح) کوٹری سائٹ کی بھٹائی کالونی میں درزی کی دکان پر معمولی بات پر کاریگر اور کام سیکھنے والے نوجوان کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی، جس کے دوران کاریگر کے بھائی نے مبینہ طور پر شیشے کا گلاس نوجوان کے سر پر دے مارا۔ گلاس لگنے سے نوجوان شدید زخمی ہو گیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 32 سالہ اسرار علی ولد گلشیر غوری کے نام سے ہوئی ہے، جو کوٹری کی غوثیہ کالونی کا رہائشی تھا اور بھٹائی کالونی میں درزی کا کام سیکھ رہا تھا۔
اطلاعات کے مطابق اسرار علی کی اپنے استاد ہوشو انصاری سے معمولی بات پر بحث ہوئی تھی، جس پر استاد کے بھائی مہران انصاری نے مبینہ طور پر شیشے کا گلاس اس کے سر پر مار دیا۔
زخمی اسرار علی کو فوری طور پر کوٹری ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو گھنٹے تک زیرِ علاج رہنے کے بعد وہ جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔


