کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گڈاپ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سرکاری پارکو آئل لائن سے خام تیل چوری کرنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے تیل کی پائپ لائن تک پہنچنے کے لیے 200 فٹ طویل خفیہ سرنگ کھود رکھی تھی، جس کے ذریعے پائپ لائن میں لوہے کا کلپ لگا کر پریشر اور پلاسٹک کے پائپ جوڑے گئے تھے۔
ملزمان چوری شدہ تیل ٹینکروں میں منتقل کر رہے تھے کہ پولیس نے چھاپہ مار کر انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران ایک آئل ٹینکر اور ٹرک بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ چوری شدہ تیل کی سپلائی کے نیٹ ورک سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔


