گمبٹ (رپورٹر) رانی پور رورل ہیلتھ سینٹر سے تین ڈاکٹروں سمیت ایک ملازم کی طویل عرصے سے غیر حاضری کا انکشاف ہوا ہے۔ آر ایچ سی رانی پور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ ڈائریکٹر گمس گمبٹ کو ارسال کر دی گئی ہے، جبکہ اسی حوالے سے ڈی ایچ او خیرپور ڈاکٹر کلیم اللہ شیخ کو بھی باضابطہ خط کے ذریعے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر فہد نور یکم ستمبر 2025 سے، ڈاکٹر سکندر علی سہتو یکم نومبر 2025 سے جبکہ ڈاکٹر عائشہ پھل یکم اکتوبر 2024 سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔ اس کے علاوہ آر ایچ سی کے ڈرائیور خورشید جتوئی بھی 9 اپریل 2026 سے ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوئے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے غیر حاضر عملے کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے رپورٹ ڈائریکٹر گمس گمبٹ اور ڈی ایچ او خیرپور کو ارسال کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں اور عملے کی طویل غیر حاضری کے باعث رانی پور اور گرد و نواح کے علاقوں کے مریضوں کو طبی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔


