افغانستان میں رات گئے آنے والے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ کنڑ میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے حکام نے بتایا کہ زلزلے کے باعث اب تک تقریباً 250 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ ہلاکتیں اور زخمی زیادہ تر نورگل، سواکئی، واٹاپور، منوگی اور چپہ درہ اضلاع میں رپورٹ ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار حتمی نہیں کیونکہ دور دراز علاقوں سے رابطے کا سلسلہ جاری ہے اور وہاں امدادی سرگرمیاں بھی ہو رہی ہیں۔ زلزلے سے نورگل کے متعدد دیہات مٹی تلے دب گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز جلال آباد شہر سے 8 کلومیٹر زیرزمین تھا۔ زلزلے کے بعد 4.5، 5.2، 5.2، 4.7 اور 4.3 شدت کے پانچ مزید جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔