شنگھائی تعاون تنظیم کے 25ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے صرف اپنے ملک کے لیے نہیں بلکہ پورے خطے اور دنیا کے امن کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 90 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں بیرونی عناصر کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں اور ان سنگین جرائم میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت جوابدہ ہونا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کے رکن ممالک اور ہمسایہ ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے، جبکہ سی پیک کو پاکستان اور چین کے درمیان ایک شاندار منصوبہ قرار دیا۔



