خیرپور (رپورٹ: شکیل جانوری) خیرپور کے قریبی علاقے کنب تھانے کی حدود، گاؤں محمد چھتل کلہوڑو میں ایک شادی شدہ نوجوان خاتون، رضیہ کلہوڑو کو مبینہ طور پر کارو کاری (غیرت کے نام پر) کے الزام میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا، جبکہ ملزمان کی جانب سے لاش کو خفیہ طور پر دفنانے کی کوشش بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں خاتون کے ضعیف العمر والد، مدد کلہوڑو بھی گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خاتون کی لاش کو تحویل میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر خاتون پر فائرنگ کی، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی خیرپور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا حکم دے دیا ہے۔ مقتولہ کے گھر میں کہرام مچا ہوا ہے جبکہ علاقے میں چہ میگوئیاں ہیں کہ قتل کے بعد لاش کو راتوں رات دفنانے کی تیاری کی جا رہی تھی۔ آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا، تاہم پولیس ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔



