نیویارک / کراچی (ویب ڈیسک): اسپین نے سنسنی خیز فائنل میں ارجنٹینا کو ایک صفر سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
نیویارک کے نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ اضافی وقت میں اسپین نے فیصلہ کن گول کر کے برتری حاصل کی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
میچ سے قبل اور ہاف ٹائم کے دوران عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے شاندار پرفارمنس پیش کی، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے اور فائنل کے بعد فاتح ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی پیش کی۔
ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اسپین کے کھلاڑیوں نے میدان میں ٹرافی کے ساتھ بھرپور جشن منایا، جبکہ اسپین کے مختلف شہروں میں ہزاروں مداح سڑکوں پر نکل آئے۔
فیفا ورلڈ کپ فائنل کا جوش سندھ میں بھی عروج پر رہا۔ صوبائی وزیر کھیل محمد بخش مہر کی ہدایت پر کراچی، نواب شاہ، میرپورخاص اور دیگر شہروں میں بڑی ڈیجیٹل اسکرینیں نصب کی گئیں، جہاں ہزاروں شائقین نے فائنل میچ دیکھا۔
کراچی کے لیاری اسٹیڈیم میں بھی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول اور معروف اداکار فہد مصطفیٰ نے شرکت کی۔
اسپین کی تاریخی فتح پر سندھ سمیت دنیا بھر میں فٹبال کے شائقین نے بھرپور جشن منایا اور اپنی پسندیدہ ٹیم کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔


