ملیر (شاہد چھاجرو) ملیر کے علاقے سٹیل ٹاؤن میں سابق ایس ایچ او انسپکٹر جاوید ابڑو کے قتل میں دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ مقتول کے بھانجے صدام ابڑو کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر جاوید ابڑو اپنے گھر کے صحن میں چائے پی رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے اور ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق اور ان کی اہلیہ زخمی ہو گئیں۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی ملیر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جب کہ ملزمان محبوب اور منتھر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقتول کے بھائی سب انسپکٹر محمد خان ابڑو بھی گزشتہ سال فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔


