بھریاسٹی (نامہ نگار) تین روز قبل فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون آس سولنگی کا ویڈیو بیان منظر عام پر آگیا۔ زخمی خاتون نے اپنے بھائی رجب، خالہ اور دیگر بہن بھائیوں پر گھر میں گھس کر فائرنگ کرنے کا الزام لگایا ہے۔
آس سولنگی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلح شخص نے گھر میں گھس کر ان پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ سو رہی تھی، اس دوران سینے میں گولی لگنے سے وہ زخمی ہوگئیں۔ اس کا کہنا ہے کہ اس کا 8 ماہ قبل عشق ہوا تھا اور اس وقت وہ 3 ماہ کی حاملہ ہے۔
زخمی خاتون نے الزام لگایا کہ فائرنگ کے دوران اس کے شوہر الطاف سولنگی کو گولی مار کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ کے آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔



