محراب پور (نمائندہ: آصف علی سیال) محراب پور میں معمر خاتون مسمات گلشن بانو شیخ نے اپنی معصوم بیٹی کے ہمراہ بااثر شخص کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف عوامی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
صحافیوں کے سامنے دہائی دیتے ہوئے گاؤں سید خدا بخش شاہ کی رہائشی خاتون نے کہا کہ بااثر شخص سرفراز عرف ببلو زبردستی گھر میں داخل ہو کر بیٹیوں پر تشدد، ہوائی فائرنگ اور بزرگ مردوں کو مار پیٹ کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ قرآن پاک اٹھا کر فریاد کرنے کے باوجود محراب پور پولیس بااثر ملزم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی، جس کے باعث انہیں جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ معمر خاتون نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد اور ایس ایس پی نوشہرو فیروز سے واقعے کا نوٹس لے کر تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔



