کراچی(ویب نیوز) حکومت سندھ نے سرکاری محکموں میں استعمال ہونے والی روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ مستقبل میں سرکاری گاڑیوں کی خریداری کے دوران بھی الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
اس حوالے سے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، متعلقہ صوبائی سیکریٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سرکاری اخراجات میں کمی، ایندھن کی بچت اور مختلف محکموں کی گاڑیوں کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور محکمہ جامعات و بورڈز کے لیے گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ سرکاری محکموں کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری میں الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی اور بتدریج سرکاری گاڑیوں کے پورے نظام کو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سرکاری وسائل کی بچت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے اخراجات کم کرنے کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ مستقبل میں روایتی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کو ترجیح دی جائے۔ سرکاری گاڑیوں میں ای وی کے استعمال کو فروغ دینے سے ایندھن کے اخراجات کم ہوں گے اور قومی خزانے پر بوجھ میں بھی کمی آئے گی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ مستقبل الیکٹرک گاڑیوں کا ہے، حکومت چاہتی ہے کہ سرکاری ادارے بھی ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنائیں اور روایتی ایندھن پر انحصار کم کریں۔ ان کے مطابق مرحلہ وار منتقلی سے سرکاری محکموں کے روزمرہ اخراجات میں بھی کمی لائی جا سکے گی۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ روایتی گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں شہری ماحول اور فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی اداروں میں بھی روایتی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔


