اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 11.21 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ سال کے مقابلے مہنگائی میں اضافے کی بڑی وجہ خوراک اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔
پاکستان بیورو آف شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 12 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.46 فیصد کی کمی واقع ہوئی جب کہ 51 اشیائے ضروریہ میں سے 19 کی قیمتوں میں اضافہ، 9 کی قیمتوں میں کمی اور 23 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
ہفتے کے دوران ٹماٹر 12.06 فیصد، انڈے 5.98 فیصد، آلو 2.42 فیصد اور مرغی کا گوشت 1.32 فیصد مہنگا ہوا جب کہ پیٹرول 7.42 فیصد اور ڈیزل 6.10 فیصد مہنگا ہوا۔
سالانہ بنیادوں پر پہلی سہ ماہی میں ایل پی جی کی قیمتوں میں 111.35 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 78.94 فیصد اور بجلی کی قیمتوں میں 52.38 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے برعکس آلو کی قیمتوں میں 36.41 فیصد، چینی کی قیمتوں میں 24.54 فیصد اور انڈوں کی قیمتوں میں 23.29 فیصد کمی ہوئی۔



