کراچی (ویب ڈیسک): ای چالان سسٹم، بھاری جرمانوں اور دیگر ریگولیٹری اقدامات کے خلاف کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی اپیل پر پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز نے شہر میں پہیہ جام ہڑتال کی، جس کے باعث شہر کی بیشتر بسیں، منی بسیں اور کوچز سڑکوں سے غائب رہیں۔
ہڑتال کے باعث ہزاروں شہریوں کو دفاتر، کارخانوں، تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے، جس کے باعث ہڑتال جمعہ کے روز بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم کے تحت غیر معمولی جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں، جبکہ الیکٹرانک اور دستی دونوں قسم کے چالان جاری ہونے سے ٹرانسپورٹرز پر دوہرا بوجھ پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب پیپلز بس سروس، بی آر ٹی گرین لائن، رکشہ، چنگ چی اور آن لائن ٹیکسی سروسز معمول کے مطابق چلتی رہیں۔


