کراچی (رپورٹر) سندھ حکومت نے شہر کی اہم شاہراہوں اور پیپلز بس سروس کے روٹس سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی اہم سڑکوں اور پیپلز بس سروس کے مختلف روٹس پر ترجیحی بنیادوں پر آپریشن کیا جائے گا۔
اس حوالے سے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کراچی پولیس چیف آزاد خان، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس، شہری انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ مشترکہ حکمت عملی کے تحت تجاوزات کے خلاف کارروائی کریں گے۔ پیپلز بس سروس کے روٹس پر قائم غیر قانونی تجاوزات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تعمیرات و قبضوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں سہراب گوٹھ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی بس اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کراچی سے باہر جدید بس اڈے قائم کرنے اور کراچی بس ٹرمینل کی توسیع کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کی اہم شاہراہوں اور پیپلز بس سروس کے روٹس پر تجاوزات کے باعث شہریوں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سڑکوں پر غیر قانونی قبضوں اور رکاوٹوں سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ایندھن کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت میں دشواری پیش آتی ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم شاہراہوں اور بس روٹس کو تجاوزات سے پاک کیا جائے اور غیر قانونی ٹرمینلز کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ٹریفک کا دباؤ کم اور شہریوں کی آمدورفت آسان ہو سکے۔
اجلاس میں لاجسٹکس پارک کے قیام کے لیے کوششیں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔


