کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے ایم کیو ایم حقیقی کے چیئرمین آفاق احمد کی جانب سے جلسے کے دوران میڈیا کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی، نائب صدور محمد ناصر شریف اور راہب گاہو، خازن یاسر محمود، جوائنٹ سیکریٹریز طلحہٰ ہاشمی، روبینہ یاسمین اور مجلسِ عاملہ کے اراکین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 24 جولائی کو آفاق احمد کی درخواست پر میڈیا جلسے کی کوریج کے لیے موجود تھا، تاہم بعد ازاں صحافیوں اور کیمرہ مینوں کے ساتھ اختیار کیا گیا رویہ ناقابلِ برداشت اور ناقابلِ فہم ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگر آفاق احمد کے مطابق میڈیا مالکان جلسے کی کوریج نشر نہیں کرتے بلکہ فوٹیج ایجنسیوں کو فراہم کر دیتے ہیں، تو پھر ان کا شعبۂ اطلاعات میڈیا سے کوریج کی درخواست کیوں کرتا ہے۔
کے یو جے کے عہدیداروں نے کہا کہ آفاق احمد کا رویہ انتہائی نامناسب تھا، اس لیے انہیں اس پر معذرت کرنی چاہیے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر انہیں پہلے سے معلوم ہے کہ فوٹیج ایجنسیوں کو دی جاتی ہے تو آئندہ میڈیا کو کوریج کے لیے مدعو نہ کیا جائے۔ انہوں نے میڈیا مالکان سے بھی اپیل کی کہ ایسے سنگین الزامات کے بعد متعلقہ تقریبات کی کوریج کے لیے اپنے نمائندے نہ بھیجیں۔


