خیرپور: (شکیل جانوری) سول اسپتال خیرپور میں رات گئے 10 سالہ بچے کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ وارڈ میں موجود افراد نے خاتون کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پیر جو گوٹھ کے نوجوان صحافی سراج احمد منگریو کا 10 سالہ بیٹا عبدالرحیم منگریو اسپتال کے وارڈ میں سو رہا تھا، جسے ایک خاتون اٹھانے کی کوشش کر رہی تھی۔
اسی دوران ساتھ والے بیڈ پر موجود ایک مریض خاتون نے بچے کو اٹھاتے ہوئے دیکھ کر شور مچا دیا، جس پر بچے کے والد سراج احمد منگریو اور وارڈ میں موجود افراد نے خاتون کو پکڑ لیا۔
بعد ازاں خاتون کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت قمبر شہدادکوٹ کی رہائشی نورجہان زوجہ عطا اللہ چانڈیو کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



