بھٹ شاہ: گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 283ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا باضابطہ افتتاح کردیا۔
گورنر سندھ بھٹ شاہ پہنچے، درگاہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ پر حاضری دی، مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر انہوں نے ملک و قوم کی سلامتی، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی تعلیمات محبت، امن، رواداری، بھائی چارے اور انسان دوستی کا لازوال پیغام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہ لطیفؒ کا فکر و فلسفہ سندھ کی تہذیب، ثقافت، روحانیت اور صوفی روایتوں کا روشن عکس ہے، جو آج بھی معاشرے میں برداشت اور ہم آہنگی کو فروغ دے رہا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان نسل کو شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی شاعری، فکر اور صوفی ورثے سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ لطیفؒ کی تعلیمات پر عمل کرکے پرامن، متحد اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کی جا سکتی ہے۔



