ٹوکیو: جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو میں 6.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
جاپانی حکام کے مطابق اب تک 9 ہزار 872 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے، جبکہ 36 ہزار 700 گھروں کی بجلی بھی منقطع ہوگئی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 27 منٹ پر کیوشو جزیرے کے اندرونی علاقے میں آیا۔
زلزلے کے بعد کوماموتو کے علاقے میں ایک شاپنگ مال میں بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، جہاں متعدد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایک عینی شاہد کے مطابق شاپنگ مال کی دوسری منزل مکمل طور پر منہدم ہوگئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال اور ایک فیکٹری میں پھنسے افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔


