سکھر (ویب ڈیسک): عالمی بینک کے مالی تعاون سے گڈو اور سکھر بیراجوں کے گیٹوں کی تبدیلی اور مرمت کے لیے 12 ارب روپے لاگت کا ایک اہم منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد سندھ کے آبپاشی نظام کو جدید بنانا اور زرعی پانی کی فراہمی کو مزید محفوظ بنانا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت 12 ارب روپے ہے، جس میں سے 11 ارب روپے عالمی بینک امداد کے طور پر فراہم کرے گا، جبکہ باقی ایک ارب روپے سندھ حکومت اپنے ترقیاتی فنڈ سے خرچ کرے گی۔
منصوبے کے تحت دونوں بیراجوں کے گیٹوں کی تبدیلی، مرمت اور تکنیکی بہتری کے کام کیے جائیں گے، جس سے آبپاشی نظام کی کارکردگی بہتر ہوگی اور بیراجوں کے طویل مدتی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
ماہرین کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے سندھ کی لاکھوں ایکڑ زرعی زمینوں تک پانی کی فراہمی زیادہ محفوظ اور مؤثر ہو جائے گی، جس کے نتیجے میں زرعی پیداوار میں بھی بہتری آنے کے امکانات ہیں۔



