ایران کے قائم مقام وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ تہران اپنے مخالفین پر اعتماد نہیں کرتا اور جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں مناسب اور ضروری جواب دیا جائے گا۔
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن آل ثانی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں سید مجید ابن الرضا نے جنگ بندی کے لیے قطر کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’مخالف فریق اس مختصر عرصے میں کئی بار اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر چکا ہے‘۔
انہوں نے ہمسایہ مسلم ممالک خصوصاً قطر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنے بھائیوں پر اعتماد کرتے ہیں لیکن دشمن پر نہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ہماری انگلی ٹریگر پر ہے اور اگر جنگ بندی کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی ہوئی تو ہم بغیر کسی ہچکچاہٹ کے مناسب اور ضروری کارروائی کریں گے۔
یاد رہے کہ جنگ بندی کے باوجود امریکا کی جانب سے متعدد بار معاہدے کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے، ایران نے بھی اپنے دفاع میں خطے میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کہا تھا امریکا پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے ساتھ ہی خبردار کیا تھا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔


