گمبٹ (رپورٹر) اگڑا تھانے کی حدود میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف شیخ برادری کے افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلا کر اگڑا تا گمبٹ لنک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔
احتجاج کرنے والے مظاہرین کے مطابق گزشتہ روز محض ایک گھنٹے کے دوران ڈکیتی کی 3 وارداتیں پیش آئیں، جن میں مسلح ڈاکوؤں نے بچوں سمیت موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے شہریوں کو بھی یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔
احتجاج میں شریک ستار شیخ، پرویز شیخ، حاجی شیخ، امتیاز شیخ، زوہیب شیخ اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بدامنی انتہا کو پہنچ چکی ہے جبکہ پولیس ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے اور لوٹا گیا سامان برآمد کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔
مظاہرین نے ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور سے پرزور مطالبہ کیا کہ ان وارداتوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جائے اور علاقے میں امن و امان بحال کیا جائے، بصورت دیگر ڈی آئی جی آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔



