امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور قدامت پسند تجزیہ کار چارلی کرک قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کے بعد ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے کے بانی اور قدامت پسند نظریات کے نمایاں ترجمان چارلی کرک کو یوٹاہ ویلی یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران گولی ماری گئی۔ گولی ان کی گردن پر لگی، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے اور دم توڑ گئے۔ صدر ٹرمپ نے اس افسوسناک واقعے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ چارلی کرک ایک عظیم اور تاریخی حیثیت رکھنے والے شخص تھے جو اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چارلی کرک ان سمیت سب کے پسندیدہ تھے اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔



