صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کی 77ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم نے پاکستانی قوم کو شناخت، خوداری اور آزادی بخشی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریہ آج بھی درست ثابت ہو رہا ہے، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک اس کی واضح مثال ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا قیام ایک تاریخی اور ناگزیر فیصلہ تھا۔
صدر زرداری نے کہا کہ قائداعظم کا وژن جمہوریت، انصاف، مساوات اور رواداری پر مبنی پاکستان ہے اور ہمیں انہی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ترقی کرنی ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو مواقع، خواتین کو اختیار اور اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، جبکہ قائداعظم کا خواب ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور مضبوط پاکستان کی صورت میں شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔



