سوئٹزرلینڈ/پیرس (ویب ڈیسک): امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان کا پہلا وفد سوئٹزرلینڈ پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کر رہی ہیں، جبکہ چیف آف پروٹوکول اور دیگر اعلیٰ حکام بھی تقریب کے مقام برجن اسٹاک ریزورٹ پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں پاکستانی وفد شام کو سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگا۔
وفد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر عطا تارڑ بھی شامل ہوں گے۔
قطر، سعودی عرب، مصر، ترکیہ اور دیگر علاقائی ممالک کے اہم نمائندے بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔
ادھر فرانس میں جی-7 اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دینے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ قطر اور سعودی عرب نے بھی اس عمل میں نمایاں حصہ لیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ معاہدے کی کامیابی پر پاکستان اور قطر کے شکر گزار ہیں، دونوں ممالک نے سخت محنت کی اور سفارتی سطح پر اہم تعاون فراہم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور خطے میں سرگرم گروہوں کے حوالے سے بھی جلد بات چیت شروع کی جائے گی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کے جوہری مواد سے متعلق تکنیکی مذاکرات کا جلد آغاز کیا جائے گا اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا عالمی امن کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے لبنان کے معاملے پر اسرائیل کو زیادہ محتاط حکمت عملی اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا۔



