لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں 14 بچے جاں بحق ہوگئے۔
وزیر صحت پنجاب نے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی،ریسکیو حکام کے مطابق ایک خاتون ٹیچر سمیت 20 سے 25 بچے ٹیوشن سینٹر میں موجود تھے، زیادہ تر بچے کم عمر ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع شام 4:45 بجے پرملی تھی، 5 سے 6 بچوں کو نکالا گیا ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ٹیوشن سینٹر کی عمارت میں صبح کے اوقات میں اسکول ہے۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ بچے اسکول کی اکیڈمی میں ٹیوشن پڑھنے آئے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق ٹیوشن سینٹر کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام ہورہا تھا، ٹیوشن سینٹر کےگراؤنڈ فلور پر بچے پڑھ رہے تھے۔ گھر کے مالک سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والوں کی بلند درجات کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی، وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
پہلی توجہ بچوں کو ملبے سے نکالنا ہے: عظمیٰ بخاری
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ریسکیو آپریشن احتیاط سے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گھر میں ٹیوشن سینٹر بنایا ہوا تھا، خستہ حال عمارت کو بچوں کو پڑھانے کیلئے استعمال کیا گیا، اسے ٹھیک نہیں کرایا گیا، پہلی توجہ بچوں کو ملبے سے نکالنا ہے۔



