زیارت/کوئٹہ (ویب ڈیسک): بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے کچھ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 2 ایس ایچ اوز سمیت 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سمیت 20 سے زائد افراد کو اغوا بھی کر لیا گیا ہے۔
ایس پی زیارت قدوس دہوار کے مطابق گزشتہ رات سے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ اور مقابلہ جاری رہا، جس دوران پولیس اہلکاروں نے بھرپور مزاحمت کی۔
شہداء کو ڈی ایچ کیو اسپتال زیارت منتقل کر دیا گیا ہے۔ شہید ہونے والوں میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کواس صحبت خان بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق مغویوں کی بازیابی کے لیے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات اور مزید کارروائی جاری ہے۔



