کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرکاری جامعات کے طلبا کیلئے 20 ہزار گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالر شپس کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے دو تاریخی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت جہاں سندھ کابینہ اور اعلیٰ سرکاری افسران کے لیے دنیا کے جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈل "گوگل جیمنی” کی تربیتی نشست منعقد کی گئی، وہاں انہوں نے صوبے کے نوجوانوں کے لیے "گوگل کیریئر سرٹیفکیشن پروگرام 2026” کا باقاعدہ افتتاح بھی کر دیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کی تمام سرکاری جامعات کے طلبہ کے لیے 20 ہزار گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس دینے کا ایک بڑا اور شاندار اعلان کیا، یہ دونوں تاریخی اقدامات گوگل اور ٹیک ویلی پاکستان کے اشتراک سے شروع کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ٹیک ویلی پاکستان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
تربیتی نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی معاشروں کے کام کرنے کے انداز کو بنیادی طور پر تبدیل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "سندھ حکومت کا عزم ہے کہ ڈیجیٹل مہارتوں کو حکومتی اور عوامی دونوں سطحوں پر فروغ دیا جائے۔ پیچیدہ انتظامی امور کو آسان بنانے اور پالیسی سازی کو بہتر بنانے میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے کیونکہ یہ تیز رفتار اور بہتر معلومات کی بنیاد پر فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے تاہم، قیادت، احتساب اور عوامی اعتماد کی ذمہ داری ہمیشہ منتخب نمائندوں اور سرکاری اداروں پر ہی رہے گی۔”
گوگل سرٹیفکیشن پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس پروگرام کو صوبے کی تمام سرکاری جامعات تک توسیع دے دی گئی ہے اور اسکالرشپس کے مواقع سندھ کے ہر باصلاحیت طالب علم تک پہنچائے جائیں گے۔
ان اسکالرشپس کے تحت طلبہ کو مصنوعی ذہانت . سائبر سیکیورٹی سمیت ڈیٹا اینالیٹکس اور دیگر جدیدشعبوں میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک تعلیمی پروگرام نہیں بلکہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل منزل کی شروعات ہے، جو ان کے لیے روزگار، کاروبار اور ڈیجیٹل معیشت میں شمولیت کے نئے دروازے کھولے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ مستقبل اب انہی قوموں کا ہے جو علم، جدت، تخلیقی صلاحیت اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ ہوں گی، اور اس اقدام کے ذریعے ہم سندھ کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کی جانب ایک اہم قدم اٹھا رہے ہیں۔



