کراچی (ویب ڈیسک): کراچی کے ایسٹ زون اور ضلع ملیر میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران 23 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ انہیں رہائش فراہم کرنے والے ایک گودام مالک کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق، ایسٹ زون کے سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی نیو سبزی منڈی چوکی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر مقیم 18 افغان شہریوں کو تحویل میں لیا، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، ایس ایس پی ملیر کی ہدایات پر قائدآباد پولیس نے خیبر گلی، شیر پاؤ کالونی کے قریب واقع ایک پلاسٹک گودام پر چھاپہ مار کر غیرقانونی طور پر مقیم پانچ افغان شہریوں عبدالہادی، ایاز، احسان اللہ، یاسین اور محمد اکبر کو گرفتار کر لیا، جبکہ انہیں رہائش فراہم کرنے والے گودام کے مالک حسن نواب کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق، گرفتار افغان شہریوں کے خلاف فارنرز ایکٹ کی دفعہ 14-D کے تحت، جبکہ گودام مالک کے خلاف سندھ ٹیمپریری ریزیڈنس ایکٹ کی دفعہ 11 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔


