جامشورو (باسط ملاح): وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ جامشورو نے کیر تھر نیشنل پارک میں جنگلات کی غیرقانونی کٹائی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قیمتی لکڑی سے بھری 13 گاڑیاں قبضے میں لے لیں، جبکہ 10 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں جنگلات کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر برکت علی کلہوڑو نے پولیس کے ہمراہ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران غیرقانونی طور پر کاٹی گئی قیمتی لکڑی برآمد کی گئی اور گرفتار ملزمان کو تھانہ نوری آباد منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان قیمتی درخت کاٹ کر ان کی لکڑی مختلف علاقوں میں فروخت کے لیے لے جا رہے تھے۔ محکمہ وائلڈ لائف کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والی لکڑی کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے کہا کہ کیر تھر نیشنل پارک کے جنگلات، جنگلی حیات اور قدرتی ماحول کے تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ غیرقانونی درخت کاٹنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔


