آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق آسڑیلیا کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے سلیکشن کمیٹی کوچ مائیک ہیسن اور کپتان شاہین شاہ آفریدی کے درمیان مشاورت کے بعد جس ٹیم کو منتخب کیا جارہا ہے، اس میں تجربے کار وکٹ کیپر سابق کپتان محمد رضوان کی شمولیت کا امکان کم ہے۔
ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن ٹی 20 کے بعد ون ڈے کرکٹ میں بھی محمد رضوان کی شمولیت کے حق میں نہیں ہیں۔
33 سالہ محمد رضوان نے 103 ون ڈے میچوں میں پاکستان کے لیے 40.08 کی اوسط سے 2979 رنز بنائے جس میں 4 سینچریاں اور 19 نصف سینچریاں شامل ہیں جبکہ محمد رضوان نے بطور وکٹ کیپر 113 کیچ اور 7 اسٹمپڈ کیے ہیں۔
اس کے علاوہ مارچ 2026 میں بنگلا دیش کے خلاف 3 ون ڈے میچوں میں محمد رضوان نے 58 رنز بنائے تھے۔
اطلاعات کے مطابق بنگلا دیش کے خلاف 15 مارچ 2026 کو تیسرے ون ڈے میں بطور بیٹس مین ڈبیبو کرنے والے غازی غوری جو ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کے ساتھ تھے، آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان کے ہمراہ دوسرے وکٹ کیپر کے لیے عثمان خان اور مرزا سعد بیگ میں سے کسی ایک کا انتخاب ممکن ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔
پاکستان ٹیم 22 مئی سے راولپنڈی میں ٹریننگ کرے گی ، ایک پریکٹس میچ بھی کھیلے گی، شاہینوں اور کینگروز کے درمیان ون ڈے سیریز کے میچز 30 مئی ، 2 اور 4 جون کو کھیلے جائیں گے۔



