اسلام آباد (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات پاکستان نے جمعرات کے روز ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 سے 31 مئی تک ملک بھر میں شدید ترین ہیٹ ویو (شدید گرمی کی لہر) برقرار رہے گی، جس کے دوران کچھ علاقوں میں پارہ 50°C تک پہنچنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 27 مئی کو عید الاضحیٰ منائی جائے گی، جس کے لیے وفاقی حکومت نے 26 سے 28 مئی تک تین روزہ عام تعطیل کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 25 مئی سے بالائی فضا میں ہائی پریشر سسٹم بننے کی وجہ سے درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہے گا۔ سندھ کے اضلاع سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز اور پنجاب و بلوچستان کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 47 سے 50°C تک جا سکتا ہے۔ جبکہ کراچی میں موسم انتہائی گرم رہے گا اور پارہ 35 سے 38°C کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ اس سے قبل 4 مئی کو کراچی میں 44.1°C گرمی کی وجہ سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
حکام کی جانب سے شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو بلا ضرورت دھوپ میں نہ نکلنے، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے، اور بجلی و پانی کا احتیاط سے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کاشتکاروں کو بھی اپنی فصلوں اور مال مویشیوں کی خاص حفاظت کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔


