ملیر (رپورٹر): کراچی میں پولیس موبائل پر کرولا گینگ کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ ایک مبینہ ملزم مارا گیا۔
اطلاعات کے مطابق واقعہ رات دیر گئے کراچی کے علاقے قائد آباد میں پیش آیا، جہاں سفید کرولا میں سوار گینگ نے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی۔
شاہ لطیف پولیس کے مطابق ریڈیو پاکستان کے قریب ملزمان نے پولیس موبائل کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک مطلوب ملزم مارا گیا۔
مارے گئے ملزم کی شناخت قیصر خان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی اہلکار غلام عباس کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھی گاڑی اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
یاد رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہونے والے چار مبینہ مقابلوں میں ایک ملزم مارا گیا اور 6 گرفتار ہوئے جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔


