ممبئی (ویب ڈیسک): بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی میں شدید بارش کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ممبئی میں شدید بارش ہوئی، جس دوران 12 گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں تقریباً 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث بیشتر علاقے زیرِ آب آگئے۔
شدید بارش کے نتیجے میں کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، درخت گر گئے، کچھ گھروں کو نقصان پہنچا اور متعدد سڑکیں متاثر ہوئیں۔ ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
بارش کا سلسلہ تھانے، پالگھر، ممبئی اور پونے تک پھیل گیا۔
رپورٹس کے مطابق پونے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے، جبکہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
شہر کی میونسپل کارپوریشن کے مطابق مشرقی علاقوں میں صبح 8 سے رات 8 بجے تک 186 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مغربی علاقوں میں 168 ملی میٹر اور آئی لینڈ سٹی میں 129 ملی میٹر بارش ہوئی۔



