کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے فٹ پاتھ مختلف علاقوں میں ناجائز تجاوزات کی لپیٹ میں آ گئے، شہری سڑکوں پر چلنے پر مجبور اور حادثات کا خطرہ بڑھ گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ فٹ پاتھ محفوظ نقل و حرکت اور بہتر شہری منصوبہ بندی کا اہم حصہ ہیں لیکن کئی مقامات پر دکانداروں، ہاکروں اور غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے یہ استعمال سے محروم ہو چکے ہیں۔
مختلف علاقوں میں دکانوں کا سامان فٹ پاتھوں پر پھیل گیا ہے جبکہ ہاکرز، ہوٹلوں کی کرسیاں، چولہے، موٹر سائیکلیں اور کاریں بھی فٹ پاتھوں پر کھڑی ہیں جس سے پیدل چلنے والوں کا راستہ بند ہو گیا ہے۔
شہریوں کے مطابق خواتین، بوڑھوں، بچوں اور خصوصی افراد کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے باعث انہیں ٹریفک کے ساتھ سڑک پر چلنا پڑتا ہے جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
شہریوں نے بلدیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹا کر ان کو ان کے اصل مقصد میں بحال کیا جائے، تاکہ پیدل چلنے والوں کو محفوظ اور آسان راستہ مل سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ فٹ پاتھوں کی بحالی نہ صرف عوامی سہولت کے لیے ضروری ہے بلکہ ٹریفک کے بہتر نظام، محفوظ سفر اور مہذب شہری ماحول کے لیے بھی ضروری ہے۔


